ہیلپ فاؤنڈیشن ،خدمتِ انسانیت کا روشن چراغ

وطن عزیز کے سرسبزو شاداب اور خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک، خطہ ہزارہ کے پہلو با پہلو روشن ابواب جہاں تاریخ میں جا بجا بکھرے ہیں ،وہیں ان کاسلسلہ آج کی تاریخ سے بھی ویسا ہی جڑا ہے۔یہاں کے باسیوں کی انسان دوستی،مہمان نواز ی اور خدمت خلق کے جذبوں کا بھی ایک جہاں گواہ ہے۔انہی چمکتی دمکتی داستانوں اور مشعل راہ بننے والی مثالوں میں ایک اضافہ 2013میں ہوا جب یہیں کے اہل درد باسیوں نے ’’ہیلپ فاؤنڈیشن‘‘ کی صورت میں ایک قافلہِ درد تشکیل دے کر دکھایا۔ یہ چلا تو ایک فرد کے قدم اٹھانے سے تھا لیکن اب اس کے راہیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا۔گزرے چند سالوں میں اس نے دکھی انسانیت کے زخموں پر جیسے مرہم رکھنا شروع کیا، وہ بھی نئی بہار بن کر سامنے آنا شروع ہوا۔ہیلپ فاؤنڈیشن نے اپنے مشن اور ہدف کے حصول کے لئے جس راہ کا انتخاب کیا اس کی بنیاد اس سوچ اور فکر پر رکھی گئی کہ یہ اول تا آخرہر قسم کی سیاست ،قومیت ،علاقائیت، لسانیت ،رنگ و قوم اور ہمہ قسم کی فرقہ واریت سے بالاتر رہ کر کام کرے گی ۔ہیلپ فاؤنڈیشن نے اپنے بنیاد ی راہ عمل میں یہ طے کیا کہ ہمارا مشن صرف اور صرف اللہ تعالی کی رضا کے لیے خدمت انسانیت کے ذریعے ملک پاکستان میں ایک ہمدرد اور اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام ہو گا جس کا نظریہ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات طیبہ میں ہر کسی کے درد اور تکلیف کا اپنے دست مبارک سے ہمہ وقت مداوا کر کے تا قیامت سارے عالم کے سامنے عملی شکل میں رکھا تھا۔ اول دن سے یہی طے ہوا کہ ہماراکام اسی طرز پریتیموں ،غریبوں،مسکینوں ،بیماروں ،معذوروں اور مستحق لوگوں تک خود پہنچ کران کے ساتھ ہر ممکن مدد و تعاون کرنا ہو گا۔


ہیلپ فاؤنڈیشن نے طے کیا کہ اس کے اس نیک کام میںیتیم اور غریب بچیوں کی شادیوں میں ہر ممکن تعاون بھی شامل ہو گا کہ یہ آج ہمارے معاشرے کا ایک بڑا روگ بن چکا ہے۔ آج یہ بات ہماری آنکھوں کے سامنے ہے کہ گھر گھر اور بستی بستی ایسی بے شمار بچیوں کے سروں میں اس لئے چاندی اتر رہی ہے کہ جن کے والدین یا اعزا و اقربا دنیاوی کسی حادثے کا شکار ہو ئے اور پھر ان کے کوئی ہاتھ پیلے کرنے والا نہیں رہا اور یوں ان کا بوجھ سہارنے کے لئے کوئی دوسرا تیار بھی نہیں ہوتا۔اس میدان میں ایسے بے سہارا خاندانوں کی مدد تعاون کے ذریعے تھوڑے ہی عرصے میں درجنوں بچیوں کے گھر آباد اور ان کے میکے شاد کئے گئے۔انہی کاموں میں یتیموں، غریبوں،معذوروں،مسکینوں اور بیواؤں کہ جن کا اب کوئی سہارا دکھائی نہیں دیتا اور وہ کسی کے سامنے دستِ سوال بھی پھیلا نہیں سکتے انہیں نان جویں مہیا کرنے کے لئے’’فراہمی راشن پروگرام‘‘ کے تحت ماہانہ راشن دینا بھی ہے۔ہزارہ بھر کے دور دراز علاقوں میں آج ہر مہینے 100کے قریب ایسے مستحقین کے گھروں میں اس وقت ہیلپ فاؤنڈیشن کے رضاکار خود پہنچ کر ہر مہینے اشیائے خور و نوش کا پورا اور مکمل پیکیج مہیا کرتے ہیں۔اس سلسلے میں ان کی تکلیف پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں ماہانہ امدادی پیکیج وصول کرنے کے لئے کسی بھی جگہ چند قدم چل کر آنے کی بھی زحمت نہیں دی جاتی۔


ہیلپ فاؤنڈیشن کے چند دیگر چیدہ کاموں میں یتیم بچوں اور بچیوں کی پڑھائی کے لیے بھی بھرپور تعاون فراہم کرنا ،،یتیموں بچوں کے لیے فری کمپیوٹر کورسز اورفری ہاسٹل اور کھانے پینے کا انتظام کرنا،غریب اور بے سہارا معذوروں اور بیماروں کے علاج معالجے میں ان کی مدد کرنا ،پسماندہ علاقوں میں ایمبولینس سروس کا اہتمام اورفری میڈیکل کیمپ لگوانے کے لیے بھرپور کوشش کرنا،غریبوں یتیموں اور مسکینوں کو رمضان المبارک میں اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لئے خصوصی پیکج دینا،عیدالاضحیٰ کے موقع پر وہ لوگ کہ جو قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے، ایسے مستحقین کے لئے اجتماعی قربانیوں کا اہتما م کر کے خود ان تک گوشت پہنچانا، پسماندہ علاقوں میںیتیم اور غریب بچیوں کے لئے سلائی اور کڑھائی سنٹر کھلوانے کے لیے بھرپور کوشش کرنا ،پسماندہ علاقوں میں ہر مسجد کی سطح پرغریبوں کے لیے کفن دفن کا بندوبست کرنا ،معاشرے سے منشیات اور ہر طرح کے غیر شرعی رسم و رواج ختم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرنا ،معاشرے سے لڑائی جھگڑے فتنے اور فسادات ختم کر کے امن محبت اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنا ،پسماندہ علاقوں میں پانی،بجلی، روڈ، ہسپتال، سکول، کالج،گیس اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے غریبوں کی جنگ ہر سطح پر اور ہر فورم پر لڑنا اور ایسے کمزور طبقات کی آواز بن کر ان کے مسائل حل کرنے کے لیے دن رات کوشش کرنا،غریبوں اور مظلوموں کو فری قانونی امداد اور وکیل کی سہولت مہیاکرنا،سعودی عرب کی جیلوں میں پڑے قیدیوں کی رہائی کے لئے تگ و دو کرنا اور کاغذات گم ،نامکمل یا اوور ڈیٹ وغیرہ ہونے کی وجہ سے دیار غیر میں پھنسے بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرنا وغیرہ شامل ہے۔ ہیلپ فاؤنڈیشن کی طرف سے ان تمام مہمات اور اہداف میں جو کام اب تک ہوچکے، ان میں اب تک کم از کم


(1) 62 یتیم اور غریب بچیوں کی شادیوں میں تعاون کیا گیا ۔
(2) 53 یتیم اور غریب و مستحق بچوں اور بچیوں کی پڑھائی کا مکمل انتظام و انصرام کیا جارہا ہے۔ (حویلیاں میں کمپیوٹر کورسز اور فری ہاسٹل کا انتظام کیا گیا ہے۔)
(3) 100کے قریب یتیم غریب اور مستحق فیملیوں کو ماہانہ راشن پیکج دیا جا رہا ہے اور میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے ۔
(4) گزشتہ ماہ رمضان میں 120 مستحق گھروں کو رمضان پیکج دیا گیا ۔( اس سال اس میں اضافہ ہو گا) گزشتہ کئی سال مسلسل عیدالاضحیٰ کے مواقع پر متعدد مقامات پر اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کر کے مستحقین تک گوشت ان کے پاس جا کر پہنچایا گیا ۔
(5)114 مریضوں کو اب تک علاج معالجے کے لیے لاکھوں روپے بطور تعاون دئیے گئے ۔
(6) ضلع ایبٹ آباد میں اسی سال ہیلپ فاؤنڈیشن کی جانب سے 2فری آئی کیمپ لگائے گئے جن میں 2137 مریضوں کافری چیک اپ کر کے انہیں مفت ادویات دی گئیں۔ان کیمپوں میں 620 مریضوں کو فری نظری چشمے مہیا کئے گئے۔ان کیمپوں پر 280 مریضوں کا آپریشن ہیلپ فاؤنڈیشن کی طرف سے کیا گیا۔ایک میڈیکل کیمپ لورا ایبٹ آباد میں لگایا گیاْجس میں3500 سے زائد مریضوں کا فری چیک اپ ہوا اور فری ادویات بھی دی گئیں۔ اس کیمپ سے 315 مریضوں کو علی میڈیکل سنٹر اسلام آباد ریفر کیا گیا۔
(7) 7 مساجد میں ہینڈ پمپ لگائے گئے ۔(اور بہت سی مساجد اور مدارس کے ساتھ تعمیر و مرمت کے حوالے سے مالی تعاون کیا گیا۔)
(8)’’ فراہمی روزگار سکیم ‘‘کے تحت یونین کونسل پھلہ لورا ایبٹ آباد میں سلائی کڑھائی سنٹر کھولا گیا(اسی حوالے سے بہت سی بیوہ اور غریب عورتوں کو سلائی مشینیں مہیا کی گئیں۔
(9) غریب اور بے سہارا افراد کی وفات کے وقت ان کی دفن کی سہولت کے لئے مختلف مساجد میں کفن رکھوائے گئے ہیں،تاکہ ایسے کسی ا انسان کی فوتگی کی صورت میں کفن دفن کا فوری مکمل بندوبست کیا جائے
(10) سعودی عرب میں قیدیوں کی رہائی ،وہاں قیدی و دیگر نادار مریضوں کے علاج اور واپسی کے لیے ٹکٹوں کی صورت میں 5 لاکھ 30 ہزار ریال کا تعاون کیا گیا ۔
(11) معذوروں اور یتامیٰ و مساکین کے لئے رشتوں کا اہتما م کرنا۔
(12) ملک بھر میں بلڈ ڈونرزسوسائٹیز کا قیام اور مریضوں کے لئے ایمرجنسی خون کی فراہمی۔


اے اہل خیر!


یہ سب کام اللہ رب العالمین کی خصوصی مدد کے ساتھ آپ اہل خیر کی دعاؤں اور تعاون سے چل رہیہیں ۔ ہماری اپیل ہے کہ ہرشخص اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ہم یہ چاہتے ہیں کہ جس کے پاس وقت ہے، وہ وقت دے ۔جس کو اللہ تعالی نے علم اور کام کرنے جو بھی صلاحیت دی ہے وہ اس کے ذریعے لوگوں کی خدمت کرے اور جسے اللہ نے مال کی دولت کی جتنی وسعت دی ہے وہ اس کے مطابق اس میں سے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالتے ہوئے خرچ کرے۔ ہماری یہ بھی گزارش ہے کہ آپ خود جس انداز میں بھی تعاون فراہم کر سکیں یا آپ کے تعلق و رابطے میں ایسا کوئی بھی فرد موجود ہو جو اس راہ میں اپنی کوئی بھی خدمت پیش کرنا چاہتا ہو،آپ اس تک ہمارا پیغام پہنچائیں ہمیں اور ہمارا رابطہ مہیا کریں۔
آئیں ! ہم سب مل کر اللہ کی رضاو خوشنودی اور حصول جنت کے لئے دکھی انسانیت کی خدمت کے اس عظیم مشن میں ہیلپ فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں اور ہر طرح کا تعاون پیش کریں( جزاکم اللہ خیر ا۔)


برائے رابطہ : سردار نجیب یوسف ،خادم ہیلپ فاونڈیشن انٹرنیشنل (واٹس اپ نمبر 00966596248148)
سردار عبدالرشید ،MD دی اربن سکولز اینڈ کالج کالج روڈ، منڈیاں، ایبٹ آباد ۔ (03009116217)

admin

Read Previous

مظفرآباد کے معذور شخص کی بیٹی کی شادی

Read Next

121 یتیم اور غریب بچیوں کی شادی میں تعاون کیا گیا

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے